کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جان جاتی ہے تو جائے لیکن بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے . پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے “دنیا بول ہے” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے میئر کا امیدوار فائنل کرلیا ہے، عمران خان نے نام فائنل کرلیا صرف اعلان باقی ہے، سب جانتے ہیں کراچی عمران خان کیساتھ ہے .
کراچی سے متعلق عمران خان کا جلد بیان سامنے آجائے گا
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے 26 ایم پی ایز موجود ہیں، 15 جنوری کے انتخابات کے بعد میئر پی ٹی آئی کا آئے گا، کراچی سے متعلق عمران خان کا جلد بیان سامنے آجائے گا . پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کی، ان کے الیکشن سے متعلق تمام منصوبے ناکام ہوئے اب یہ دھاندلی کریں گے، دھاندلی نہیں ہونے دیں گے جان جاتی ہے تو جائے، مطالبہ ہے پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز تعینات کی جائے .
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ الیکشن میں ایم کیو ایم کی نمائندگی صرف 52فیصد ہے، پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ امیدوار کھڑے کیے ہیں، مخالفین کی جیب کھالی تھی تو انہوں نے اکٹھا ہی ہونا تھا .
الیکشن میں پی ٹی آئی کی وکٹری واضح ہے
گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں خرم شیر زمان نے کہا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں روڑے اٹکانے کے بجائے ایم کیو ایم وفاق سے اپنا اتحاد ختم کرے جبکہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی وکٹری واضح ہے . انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کامیابی سے کراچی کی تمام سیاسی جماعتیں خوفزدہ ہیں جبکہ ایم کیو ایم مزید کراچی کے عوام کے مقدر کے لقمے نہیں کھا سکے گی .