کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ تک حکومتی رسائی کی باتیں بے بنیاد ہیں، وزیر خزانہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرخزانہ و ریونیو اسحاق ڈارنے کمرشل بینکوں میں موجود زرمبادلہ تک حکومتی رسائی کے بے بنیاد اورمذموم پروپیگنڈے کوسختی سے مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں ملک کوتباہ کرنے والے عناصرمذموم مقاصد کیلئے اس طرح کی بے بنیاد باتیں کرتے رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیرخزانہ نے کہاکہ اسٹیٹ بینک اورکمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ہمیشہ زرمبادلہ کے ذخائرکا حصہ ہوتے ہیں مگر ان ذخائر تک حکومتی رسائی یا تحویل کی باتیں بے بنیاد ہیں، میں نے حال ہی میں اسی اصول کے تحت زرمبادلہ کے اعداد و شمارکا حوالہ دیا تھا۔


وزیرخزانہ نے کہا کہ بعض مفاد پرست عناصر، جنہوں نے ماضی میں اس ملک کوتباہ کردیا تھا وہ اس بات اور اصول کو غلط رنگ دے کر ایک مہم چلارہے ہیں، جیسے حکومت کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر تک رسائی پرغورکررہی ہے جودرحقیقیت شہریوں کی ملکیت ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس بے بنیاد اورخلاف حقیقت مہم کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ حکومت اس طرح کی کسی بھی اقدام پرغورنہیں کررہی۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ شہریوں کو اس مذموم ، بے بنیاد اورخلاف حقائق پروپیگنڈے کو نظرانداز کرنا چاہیے۔


وزیرخزانہ نے کہاکہ انشاء اللہ مستقبل قریب میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔