معمر خاتون کا انتقال، زیورات کے ساتھ تدفین، چور عورت نے اس طریقے سے میت کو لوٹ لیا کہ یقین نہ آئے
پیرس(قدرت روزنامہ) فرانس میں ایک چور عورت نے متوفی خاتون کے تابوت سے زیورات چوری کرنے کے لیے سوگواریت کا سوانگ بھر لیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ فرانس کے شمالی علاقے میں واقع قصبے لیوین میں پیش آیا ہے جہاں ایک عمر رسیدہ خاتون کا انتقال ہو گیا اور لواحقین نے علاقے کی روایت کے مطابق اس کے زیورات اس کے ساتھ ہی تابوت میں رکھ کر دفن کرنے کا فیصلہ کیا۔
زیوارت میں خاتون کی انگوٹھیاں، گلے کا ہار، چوڑیاں اور دیگر چیزیں تھیں۔ چور عورت کی عمر 60کی دہائی میں بتائی جا رہی ہے جس نے متوفی خاتون کی سہیلی کا روپ دھارا اور سب سے زیادہ غمزدہ نظر آتی رہی اور تابوت کے قریب تر رہی۔ اس دوران اس نے موقع پا کر تابوت سے زیوارت چوری کر لیے۔ پولیس کے مطابق اس خاتون نے قبل ازیں ایک آنجہانی مرد کے تابوت سے اس کا والٹ، گھڑی اور زیور بھی چوری کیے تھے۔ اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
