ترک صدر نے ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ کی باضابطہ منظوری دے دی

انقرہ (قدرت روزنامہ) ترک صدر طیب اردوان نے ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ کی باضابطہ منظوری دے دی، اور اس کا مقصد کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ترکیہ کی جانب سے اس معاہدے کی توثیق کا آئینی و قانونی عمل مکمل ہو گیا۔
ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر اردوان نے یہ منظوری 5 نومبر کو ترک پارلیمنٹ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کے بعد دی ہے۔
16 شقوں پر مشتمل اس معاہدے کی بنیادی شق کے تحت تینوں رکن ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو باقی دو ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جس کے بعد اجتماعی دفاع، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور عسکری معاونت کی ذمہ داری عائد ہوگی۔
ترک حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اتحاد خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحیت یا حملہ کرنا نہیں ہے۔
تاہم حکمران جماعت کے قانون ساز کے مطابق ترکیہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب میں اپنے فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی باقاعدہ اجازت دینے کے لیے جلد پارلیمنٹ میں ایک الگ مسودہ بھی پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے رواں برس 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں اس مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب پہلے ہی اس کی توثیق مکمل کر چکے ہیں۔
اس اتحاد کا مستقل سیکریٹریٹ ریاض میں قائم کیا گیا ہے اور ریٹائرڈ پاکستانی جنرل نعمان محمود کو اس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب معاہدے پر عملدرآمد کے عملی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام پر مشتمل اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیشن کا اہم اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت میں مقامی تعطیل کا اعلان اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
