لندن میں اماراتی خاتون ڈاکٹر لٹ گئیں، چور 10 سیکنڈ میں 10 لاکھ ڈالر کا سامان لے اڑے
معروف اماراتی ڈاکٹر سعاد لطفی کے قیمتی ہینڈ بیگز، زیورات اور گھڑی چوری، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

لندن(قدرت روزنامہ)برطانوی دارالحکومت لندن میں معروف اماراتی خاتون ڈاکٹر اور کاروباری شخصیت سعاد لطفی چوری کی واردات کا نشانہ بن گئیں، چور محض 10 سیکنڈ میں تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کا قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔ خلیج ٹائمز اور گلف نیوز کے مطابق ڈاکٹر سعاد لطفی کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ لندن میں اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہو رہی تھیں۔
مسروقہ سامان کی مالیت تقریباً 36 لاکھ 70 ہزار اماراتی درہم بتائی گئی ہے۔ ڈاکٹر سعاد لطفی نے عرب میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ واردات میں دو افراد ملوث تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
مداح بن کر آنے والے شخص نے تصویر بنوانے کی درخواست کی
اماراتی اخبار الامارات الیوم سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعاد لطفی کی بہن فاطمہ لطفی نے بتایا کہ دونوں بہنیں ایئرپورٹ جانے کی تیاری کر رہی تھیں جب ایک شخص نے خود کو ان کا مداح ظاہر کرتے ہوئے ان کے ساتھ تصویر بنوانے کی درخواست کی۔
فاطمہ کے مطابق اسی دوران ان کی بہن کا قیمتی سامان سے بھرا بیگ گاڑی سے چوری کرلیا گیا۔ پوری واردات محض 10 سیکنڈ میں مکمل ہوئی۔
بیگ میں کون سی قیمتی اشیا موجود تھیں؟
ڈاکٹر سعاد لطفی نے بتایا کہ مسروقہ سامان میں معروف فرانسیسی برانڈ ہرمیز کے مہنگے ہینڈ بیگز، کارٹیئر اور وان کلیف اینڈ آرپلز کے زیورات اور کارٹیئر کی ایک قیمتی گھڑی شامل تھی۔
ان کی بہن کے مطابق بیگ میں پرس اور دو موبائل فون بھی موجود تھے، تاہم نقد رقم نہیں تھی۔ دونوں موبائل فون بعد میں سڑک پر پھینک دیے گئے تھے۔ ڈاکٹر سعاد لطفی نے سنیپ چیٹ پر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بتانے کے ساتھ مسروقہ اشیا کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
برطانوی پولیس کی تحقیقات
فاطمہ لطفی کے مطابق برطانوی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور گاڑی سے انگلیوں کے نشانات بھی حاصل کیے ہیں، تاہم خاندان کو اب تک کسی ملزم کی گرفتاری سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔
اماراتی میڈیا نے اس امکان کا بھی ذکر کیا ہے کہ ملزمان نے واردات سے پہلے ڈاکٹر کی سرگرمیوں پر نظر رکھی ہو، تاہم اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا۔ ڈاکٹر سعاد لطفی جلد اور اس کے جمالیاتی علاج کی ماہر ہیں اور متحدہ عرب امارات میں اپنے نام سے قائم میڈیکل سینٹر کی بانی بھی ہیں۔ اس واقعے کے بعد بیرون ملک سفر کے دوران قیمتی اشیا کی حفاظت اور سوشل میڈیا پر سفری معلومات عام کرنے کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔
