وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ماحولیاتی اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب کے ماحولیاتی اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کر لیا گیا، نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے مریم نواز شریف کو سالانہ میلے میں شرکت کی دعوت دے دی۔

مریم نواز 30 نومبر کو ہانگ کانگ میں ہونے والے میلے میں شرکت کریں گی، ٹرسٹ نے پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔

نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو باضابطہ دعوت دی۔

ٹرسٹ کے مطابق پنجاب میں گرین بسوں کا اجرا، ماحولیاتی تحفظ کیلئے پی سی ون کا ایک فیصد مختص کرنا اور سرکاری سطح پر پٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اہم اقدامات ہیں۔

فضائی معیار کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی، کلائمٹ واچ اور ماحولیاتی تحفظ فورس کے قیام کو بھی سراہا گیا، ٹرسٹ نے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد کمی اور پیشگی وارننگ سسٹم کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

ٹرسٹ کے مطابق جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے وائلڈ لائف فورس، پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال اور موبائل ہسپتالوں کے قیام کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا گیا، پنجاب میں جنگلات کے تحفظ، شجرکاری، پانی کے بہتر استعمال اور ماحول دوست اقدامات کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

WhatsApp
Get Alert