مولانا فضل الرحمان نے ملک کو خونریزی سے بچانے کے لیے خود گرفتاری دی، اسلم غوری
جے یو آئی سربراہ کو 11 گھنٹوں سے زائد ٹھوکر نیاز بیگ پر محصور رکھا گیا، کارکنوں اور حکومت کے درمیان تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری کا فیصلہ کیا، آج بعد نمازِ جمعہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے، ترجمان کا بیان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک کو خونریزی، تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے گرفتاری دے دی۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو 11 گھنٹوں سے زائد لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر محصور رکھا گیا، جہاں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روک رکھا تھا۔
مولانا فضل الرحمان سرگودھا میں جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم لاہور پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ ڈی آئی جی لاہور نے انہیں واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے مولانا فضل الرحمان نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں سی سی پی او لاہور موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومت کے درمیان تصادم کے بجائے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا تاکہ ملک کو ممکنہ خونریزی اور بدامنی سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان 10 گھنٹوں سے زائد ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے اور مظاہرین کی تعداد میں اضافے کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی تھی۔ مولانا فضل الرحمان نے عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر گرفتاری کو ترجیح دی۔ اسلم غوری نے ملک بھر میں ہونے والے احتجاج اور شاہراہوں کی بندش پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی عوام کی مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتی ہے، تاہم اس کی تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے بیانیے اور سابقہ فیصلوں کے مطابق تحریک جاری رکھے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔
