جب ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو سب چپ رہے، ان کی بھی باری آئے گی، علی امین گنڈاپور نے خبردار کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیاسی جماعتوں کو خبردار کیا جب ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو سب چپ رہے، ان کی بھی باری آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کرتی ہے، ملک میں حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہوگی جب قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور دیگر قیدیوں کو جیل میں قانون کے مطابق تمام بنیادی سہولیات ملنی چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سمیت ملک کو درپیش دیگر سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا اعتماد حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے دیگر سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا تھا تو سب خاموش رہے، لیکن باقی جماعتیں بھی سن لیں کہ آئندہ ان کی بھی باری آئے گی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا کی حکومت پر دباؤ ڈالنے سے متعلق ایک پرانی تاریخ رہی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ اب بھی اسی حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert