نواز الدین صدیقی نے گھریلو ملازمہ کے تمام واجبات کی ادائیگی کردی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی 20 سالہ گھریلو ملازمہ سپنا رابن مسیح کے تمام واجبات کی ادائیگی کردی۔نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر گھریلو ملازمہ سپنا رابن مسیح کے واجبات کی ادائیگی کے معاملے کی مزید تفصیلات شیئر کی ہیں۔
وکیل رضوان صدیقی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’سپنا کو نوازالدین صدیقی کے نمائندوں نے واجبات ادا کر دیے ہیں اور اب وہ بھارت واپسی کے لیے فلائٹ کے حصول میں کامیاب ہو گئی ہیں۔


اُنہوں نے لکھا کہ وہ لوگ جنہوں نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ان سب کا شکریہ۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ اور ان تمام لوگوں کو جو اس غریب لڑکی کی ویڈیو کو اسکرپٹڈ کہہ کر اس پر الزامات لگا رہے تھے انہیں بھی جواب مل چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز الدین صدیقی کی گھریلو ملازمہ 20 سالہ سپنا رابن مسیح کی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں اُنہوں نے اداکار پر معاوضے کی عدم ادائیگی اور گھر میں قید کرنے کے الزامات عائد کئےتھے۔
سپنا رابن مسیح کی یہ ویڈیو اور کچھ دستاویزات وکیل رضوان صدیقی نے ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں، جن کے مطابق نواز الدین صدیقی نے نومبر 2022ء میں اپنے بچوں کے لیے ایک گھریلو ملازمہ سپنا رابن مسیح کو کام پر رکھاجو کہ دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
دستاویز اور ویڈیو کے مطابق سپنا رابن مسیح 20 سالہ اور بھارتی شہری ہیں جنہیں سیاحتی ویزے پر بچوں کی دیکھ بھال کے لئے دبئی لایا گیا، ابتداً اسے پہلے ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کی گئی لیکن بعدازاں اس کی تنخواہ ویزے کی فیس کی کٹوتی کے باعث روکی گئی تھی۔