عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی کی درخواست مسترد
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست مسترد کر دی۔عمران خان کی بینکنگ کورٹ میں ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو 28 فروری کو بینکنگ کورٹ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔
سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ 20 فروری کی ہے، عدالت کے گزشتہ سماعت والے حکم کی تعمیل ہوئی ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ عمران خان کے شریک ملزمان کی ضمانت درخواستوں کا کیا ہوا؟عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کے تمام شریک ملزمان کی ضمانت منظور ہو گئی ہے، ٹرائل کورٹ کے سامنے زخموں کےاصل ہونے پر اعتراض اٹھایا گیا ہے، یہ اعتراض عمران خان کے لیے کافی ڈسٹربنگ تھا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریماکس دیتے ہوئے کہاکہ وہ معاملہ ٹرائل کورٹ کے سامنے ہے وہیں دیکھا جائے گا۔سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے عدالت میں عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ پڑھ کر سنائی۔اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ ناکافی ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیاکہ آپ کہتے ہیں یہ زخم اصل نہیں، میڈیکل رپورٹس جعلی ہیں؟ کیا پھر وزیر آباد میں میڈیکل بورڈ بنے گا؟ کیا اس میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آنے تک پھر ہم انتظار کریں؟جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ عمران خان کو انہی میڈیکل رپورٹس پر 9 بار استثنیٰ ملا ہے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کو کہتے رہے آ کر تفتیش کر لیں یہ نہیں آئے، عمران خان وزیر آباد واقعے کے بعد اپنے گھر بھی نہیں آسکے، آٹھ سماعتوں تک عمران خان کا یہی میڈیکل ان کے لیے اطمینان بخش رہا، اگر ان کو وزیر آباد واقعے پر شک ہے تو جو لوگ مرے ان کا بھی تعین کرالیں۔سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ 25 فروری کہہ رہے ہیں ہم 3 مارچ کا کہہ رہے ہیں، کچھ دن میں آسمان نہیں آ گرے گا۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان ابھی تک اس کیس میں شامل تفتیش بھی نہیں ہوئے، وہ سڑکوں کی بندش پر بھی استثنیٰ مانگتے رہے۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ یہ 28 دن کا مہینہ ہے 3 مارچ اگلے ہفتے آجائے گی، 3 مارچ سے بھی پہلے آ کر بینکنگ کورٹ پیش ہو جائیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو 28 فروری کے روز بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اٹھائیس فروری تک عمران خان کی ضمانت فیصلے پر حکم امتناع برقرار رہے گا۔