اسلام آباد جنوبی ایشیا کا محفوظ ترین شہر قرار، عالمی ادارے کی رپورٹ جاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) دنیا کے محفوظ ترین شہروں پر نظر رکھنے والے ادارے کی فہرست جاری ، اسلام آباد کو جنوبی ایشیا کا محفوظ ترین شہر قرار دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے محفوظ ترین شہروں پر نظر رکھنے والے ادارے نے رواں سال کے 6 ماہ کی فہرست جاری کردی، جس میں اسلام آباد کو جنوبی ایشیا کا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
دنیا بھر کے محفوظ ترین شہروں اور ممالک کا ریکارڈ مرتب کرنے والے ادارے نمبیو نے 2021 کے ابتدائی 6 ماہ کی فہرست جاری کی، جس کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب سے محفوظ ترین شہر منگلور کو قرار دیا گیا ہے، جہاں سیفٹی انڈیکس کی شرح 74.66 فیصد رہی۔نمبیو کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں اسلام آباد کو جنوبی ایشیا کا دوسرا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، جہاں کا سیفٹی انڈیکس 70.85 فیصد رہا۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نے نمبیا کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست بھی شیئر کی۔
اس فہرست میں افغان دارالحکومت کابل ، ڈھاکا، مالی بھی شامل ہے، جہاں بالترتیب جرائم کی شرح 76.55، 23.45 اور 64.94 ریکارڈ کی گئی ہے۔عالمی تحقیق کے مطابق خوبصورتی میں بڑا مقام رکھنے والے دس ممالک کے دارالحکومتوں میں اسلام آباد دوسرے نمبر پر ہے۔
تقریبا دو ملین کی آبادی کے ساتھ اسلام آباد پاکستان میں تیسرا سب سے بڑا شہر ہونے کے ساتھ سب سے زیادہ کثیر نسلی شہروں میں سے ہے۔پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد جس کا شمار نہ صرف پاکستان، بلکہ دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں بھی کیا جاتا ہے۔ ایک ویب سائٹ کے مطابق لندن دنیا کا خوبصورت ترین دارالحکومت ہے جس کے بعد اسلام آباد کا نمبر آتا ہے۔
شہر کی طرز تعمیر یونانی معمار ڈاکسی ایسوسی ایشن کمپنی نے کی تھی۔اس فہرست میں برلن تیسرے، واشنگٹن چوتھے، پیرس پانچویں، روم چھٹے، ٹوکیو ساتویں، بڈاپسٹ آٹھویں، اوٹاوا نویں جبکہ ماسکو دسویں نمبر پر ہے۔ اسلام آباد کی وجہ شہرت سرسبز و شاداب درخت، آسمان سے باتیں کرتے مارگلہ کے پہاڑ، آبشاریں، سواں کا موجیں مارتا دریا ہے۔اس شہر کو 1964ء ميں پاکستان کے دارالحکومت کا درجہ ديا گيا۔
اس سے پہلے کراچی کو يہ درجہ حاصل تھا- اسلام آباد کا شمار دنيا کے چند خوبصورت ترين شہروں میں ہوتا ہے۔ اسلام آباد پاکستان کا سب سے زیادہ شرح خواندگی والا شہر ہے۔اسلام آباد پاکستان میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ شہر کے طور پر شمار کیا جاتا ہے۔شہر اقتدار اسلام آباد میں شکر پڑیاں، مونومینٹ میں جاسمین گارڈن، ایف 9 میں پارک، راول اے پارک، چڑیا گھر، پلے لینڈ، لوک ورثا کے علاوہ دامن کوہ پیر سواہا کے مقامات واقع ہیں اور 2011 کے بعد سینٹورس شاپنگ مال اسلام آباد بھی ایک خاص مقبولیت رکھتا ہے۔
