شوبز شخصیات عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر پھٹ پڑیں

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز شخصیات کی جانب سے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔فنکاروں کی ایک بڑی تعداد عمران خان کی حامی ہے اور موجودہ حکو مت کے خلاف آواز اُٹھاتی دکھائی دیتی ہے تاہم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیلئے لاہور زمان پارک کی کشیدہ صورتحال پر ان فنکاروں کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے۔
پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ اور پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے اہلیہ عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر عمران خان کی ایک ماضی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی حفاظت کی دعائیں کیں۔


عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ جیسا عمران خان کے ساتھ سلوک کیا جارہا، کوئی بھی اس کا مستحق نہیں ہے۔سینئر اداکار عدنان صدیقی نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس سے قبل کبھی اس جذبے کے ساتھ کسی لیڈر کیلئے اکھٹا ہوتے نہیں دیکھا۔


گلوکار فرحان سعید نے ملکی صورتحال پر افسوس کا اظہار اور عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ جب عمران خان وزیرِ اعظم بنے تو بہت سے فنکاروں نے ان کی حمایت کی اور انہیں مبار کباد بھی دی یہاں تک کہ یہ لوگ ان سے ملاقات کرنے بھی گئے۔


فرحان سعید نے ساتھی فنکاروں کے ساتھ مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اب یا تو انہوں نے عمران خان کے بارے میں اپنی رائے بدل لی ہے جو کہ سب کا حق ہے یا پھر وہ بولنے سے گھبرا رہے ہیں جو کہ ایک تشویشناک بات ہے۔
اداکارہ مایہ علی نے بھی عمران خان کے ساتھ اظہار ِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی حفاظت کی دعا کی اور ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا دعویٰ کیا۔

اداکار فہد مرزا نے لاہور کی کشیدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اب وہ یہ ماننے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ یہ شام ہے یہ لوگ عمران خان کو زہر دینا چاہتے ہیں جو ہفتوں اور مہینوں بعد اثر کرے گا۔

یاد رہے کہ عمران خان کے ناقابل ِضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری گزشتہ رات سے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ سے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم انہیں پی ٹی آئی کارکنان اپنے قائد کی حفاظت کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ پولیس کو ان کی لاش سے گزر کر عمران خان کو گرفتار کرنا ہوگا۔