تحریک انصاف کے رہنماؤں کی غیر ملکی سفیروں سے ملاقات، الیکشن پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی اسلام آباد میں ڈپلومیٹک کور کے ساتھ “بریک فاسٹ میٹنگ” ہوئی۔ناشتے کے ساتھ اس ملاقات کا اہتمام پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی جانب سے کیا گیا۔
میٹنگ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر قائدین کے علاوہ، پاکستان میں تعینات یورپین و مسلم ممالک کے سفراء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ دوران ملاقات ہم نے علاقائی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، ہم نے شیڈول کے مطابق شفاف الیکشن کے انعقاد اور ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی فضاء کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے نقطہ نظر سے شرکاء کو آگاہ کیا، ہم اس ضیافت اور ملاقات کے اہتمام پر آسٹریلین ہائی کمشنر جناب نیل ہاکنز کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔