وزارت دفاع کی 9 کروڑ کے واجبات وصولی کی اپیل نا قابل سماعت قرار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی 9 کروڑ کے واجبات وصولی کی اپیل نا قابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔عدالت عظمیٰ نے وزارت دفاع کی واجبات سے متعلق اپیل غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے اپیل دائر کرنے پر وزارت دفاع پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
فیصلے کے مطابق درخواست گزار وزارت دفاع نے قانون کے عمل کا غلط استعمال کیا، وزارت دفاع کی اپیل اور واجبات کا دعویٰ غیر سنجیدہ ہے اور غیر سنجیدہ اپیل سے عدالت کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے چار صفحات کا فیصلہ تحریر کیا۔
وزارت دفاع نے نجی کمپنی کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی پر 9 کروڑ واجبات کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے وزارت دفاع کے خلاف فیصلہ سنا تھا۔