پنجاب بھر میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیاں ، ایک ہزار سے زائد شر پسند گرفتار


لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب پولیس نے گزشتہ روز ہونیوالی ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مزید 100 افراد کو گرفتار کرلیا جس کے بعد گرفتار شرپسند افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی ۔پنجاب بھر میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مزید 100 سے زائد شر پسند عناصر کو گرفتار کرلیا، جس کے بعد مختلف اضلاع سے گرفتار شر پسند عناصر کی تعداد 1050 سے زائد ہوگئی ، گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں پولیس ٹیمیں سرکاری املاک پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف ان ایکشن ہے، ویڈیو فوٹیجز اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ شرپسند و قانون شکن عناصر کا تمام ریکارڈ ان کے کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج کیا جا رہا ہے، مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے شرپسند عناصر کو نہ تو غیر ممالک کا ویزہ اور نہ ہی ملازمت مل سکے گی، کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج تفصیل کی بدولت شرپسند بیرون ملک تعلیمی اداروں میں ایڈمیشن اور امیگریشن بھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک، پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا ، عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرون میں عام شاہراہوں کو بند کرکے تھوڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا ۔