مسلم لیگ ن کا آئندہ انتخابات میں سیاسی اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بجائے سیٹ ایڈجسمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق کسی بھی پارٹی سے ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔ خیبرپختونخوا میں جمعیت علماء اسلام سرفہرست ہے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے مقابلے میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے ہاتھ ملانے پر غور کیا جارہا ہے۔
عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکمت عملی کی تجاویز قیادت کو پہنچا دی گئیں، الیکشن میں ٹکٹ کےلیے پہلی ترجیح ن لیگ کے وفاداروں کو دی جائے گی۔
حلقوں میں سروے کرانے کی ہدایت
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے انتخابات سے قبل پنجاب کے حلقوں میں سروے کرانے کی ہدایت کر دی۔ نوازشریف نے رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ پارلیمانی بورڈ بنائے جانے سے قبل سروے مکمل کئے جائیں۔
نوازشریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی قیادت سروے رپورٹ سفارشات کے ساتھ پارلیمانی بورڈ اور قیادت کو دے۔ سروے میں امیدواروں کی حلقوں میں ساکھ،برتری یا شکست کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ جن امیدواروں کی اپنے حلقوں میں ساکھ اچھی نہیں ہوگی ان کی جگہ متبادل امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا۔
پارٹی قائد کی جانب سے مجوزہ سروے میں آئندہ انتخابات میں دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فوائد اور نقصانات کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔