عائشہ اکرم سے دست درازی کا ملزم ضمانت کے لیے عدالت آیا تھا کہ اس کے ایک اور کیس میں مخالفین نے تشدد کیا

لاہور (قدرت روزنامہ) ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو مبینہ ہراساں کرنے والا ملزم خود تشدد کا نشانہ بن گیا . تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان لاہور واقعے میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کے معاملے کے ملزم کو عدالت میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا .

عائشہ اکرم سے دست درازی کا ملزم ضمانت کے لیے عدالت آیا تھا کہ اس کے ایک اور کیس میں مخالفین نے اس پر تشدد کیا . ملزم اختر علی کے خلاف تھانہ انار کلی میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے . ملزم اختر علی دست درازی والے کیس میں ضمانت میں توسیع کے لیے سیشن کورٹ آیا تھا کہ وہ مخالفین کے تشدد کا شکار ہو گیا . مخالفین نے ملزم اختر علی کو تشدد کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا . خیال رہے کہ لاہور کی ضلعی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے دست درازی کے کیس میں حراست میں لیے گئے 98 افراد کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا . جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس پر سماعت کی جس میں عدالت کے روبرو 98 زیر حراست افراد کو جیل سے لا کر پیش کیا گیا . عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کو گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور مجموعی طور پر 104 افراد کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجا گیا تھا . یاد رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں . سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے . جس کے بعد وزیراعظم عمران خان سمیت دیگرسیاسی و سماجی شخصیات نے لڑکی پرہجوم کے حملے اورہراسانی کے افسوس ناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا . . .

متعلقہ خبریں