چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا دینے والے جج انگلینڈ روانہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا دینے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور کی لندن ٹریننگ نامزدگی سے متعلق چار اگست کا خط سامنے آیا جس میں چیف جسٹس نے جج کی جوڈیشل کانفرنس میں شمولیت کے لیے نامزدگی کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے چار اگست کو خط سیشن جج کو لکھا۔
خط کے متن کے مطابق جج فیضان حیدر کی جگہ ٹریننگ کے لیے جج ہمایوں دلاور کا نام شامل کیا جائے، جج ہمایوں دلاور پانچ اگست سے 13 اگست لندن میں ٹریننگ میں شامل ہوں گے، یوکے کی یونیورسٹی آف ہل میں یہ ٹریننگ سیشن ہونا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔اسلام آباد سے ججز کی جوڈیشل کانفرنس شمولیت کا عمل دو ماہ سے جاری تھا اور کچھ ججز کو ویزہ نا ملنے پر نام تبدیل کرکے دوسرے ججز کو شامل کیا گیا، پشاور میں بھی کچھ ججز کو ویزہ نا ملنے پر نام تبدیل کیے گئے۔