یہ ڈائری بشریٰ بی بی کی ہے پولیس کو دیکھ کر انہوں نے اسکے کچھ صفحات پھاڑ دیے تھے، جاوید چوہدری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اینکر پرسن، تجزیہ کار اور صحافی جاوید چوہدری نے کہا کہ میڈیا پر وائرل ڈائری بشریٰ بی بی کی ہی ہے، اس ڈائری کو میں نے خود دیکھا ہے، یہ ڈائری 5 اگست کو زمان پارک پر چھاپے میں پولیس نے بشریٰ بی بی سے اپنے قبضے میں لی تھی، پولیس کو دیکھ کر بشری بی بی نے اس کے کچھ صفحات پھاڑ دیے تھے۔
یہ بات انہوں ںے ایکسپریس نیوز کے اینکر سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔ جاوید چوہدری نے کہا کہ یہ ڈائری میں نے خود دیکھی ہے جو کہ بشریٰ بی بی ہی کی ہے، یہ گرین رنگ کی ڈائری ہے جس پر سال 2020ء درج ہے، اسے عمران خان کو کسی دوست ملک نے تحفہ دیا تھا بعد میں اسے بشریٰ بی بی اپنے استعمال میں لائیں، اس ڈائری کے تقریباً مندرجات میڈیا پر منظرعام پر آچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 5 اگست کو عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے جب پولیس زمان پارک میں داخل ہوئی تو یہ ڈائری اس وقت بشریٰ بی بی کے پاس تھی، بشریٰ بی بی نے پولیس چھاپے کے سبب فوری طور پر ڈائری کے کچھ صفحات پھاڑ دیے، جو صفحات اس ڈائری میں 12 جولائی سے پہلے ہیں وہ پھٹ چکے ہیں تاہم کچھ صفحات محفوظ رہ گئے وہ موجود ہیں جو میڈیا پر سامنے آچکے ہیں اور پھاڑے گئے صفحات کو بھی جوڑا جارہا ہے۔
صحافی جاوید چوہدری نے بتایا کہ ڈائری میں پارٹی کو چلانے سے متعلق ہدایات درج ہیں، عمران خان کی روٹین، صبح کیا کھانا ہے اور پانی کب پینا ہے، رات بارہ بجے انہیں دودھ پینا ہے، کون سی دعا کرنی ہے اور کون سی دعا نہیں کرنی، کس نماز میں پہلے کتنے نفل پڑھنے ہیں اور کون سی نماز میں بعد میں کتنے نفل پڑھنے ہیں سے متعلق ہدایات ہیں، ڈائری میں پاسپورٹ نمبرز درج ہیں، جلسے میں عمران خان کو کیا کہنا ہے، لفظ خبردار سے نہ آپ کو تقریر شروع کرنی ہے اور نہ پریس کانفرنس میں اس لفظ کو استعمال کرنا ہے۔
ایک سوال پر انہوں ںے بتایا کہ ڈائری کے مندرجات سے لگتا ہے کہ جیسے پارٹی کو بشری بی بی چلارہی ہیں، ڈائری میں عمران خان کے معمولات، سوشل میڈیا جیسا کہ یوٹیوب اور فیس بک کے حوالے سے ہدایات درج ہیں، لوگوں سے ملنے کی ہدایات ہیں، لگتا ہے جیسا کہ ایک مرشد کے احکامات ہیں جسے عمران خان نے فالو کیا۔
جاوید چوہدری نے کہا کہ ڈائری میں درج ہے کہ پنجاب میں جب گورنر راج لگایا جائے گا تو پورے پاکستان کو بند کردیا جائے کچھ بھی نہ کھلا ہو، عدالتوں پر اتنا دباؤ ڈالا جائے کہ کوئی جج منفی فیصلہ نہ دے سکے، وکلا سے بیانات لینے سے متعلق ہدایات ہیں، موجودہ چیف جسٹس کو جگہ جگہ بندیال لکھا ہے، تحریر ہے کہ بندیال آگیا ہے اب نواز شریف کا کیا بنے گا، پاکستان کے سارے ٹاپ وکلا ہمارے پاس ہونے چاہئیں۔
اینکر پرسن جاوید چوہدری نے بتایا کہ عمران خان کو کس سوال پر چپ رہنا ہے اور کس سوال پر کیا جواب دینا ہے یہ ہدایات بھی درج ہیں، کون سا وکیل کون سا سوال کرے گا، عمران خان کہیں گے کہ ہمیں انصاف نہیں مل رہا اور ہمارے ساتھ بہتر سلوک نہیں ہورہا۔
ڈائری بشریٰ بی بی کی ہے یا نہیں؟ اس سوال پر جاوید چوہدری نے کہا کہ اس ڈائری کی تحریر بشریٰ بی بی کی دیگر تحریروں سے میچ کررہی ہے، اس میں درج ذاتی ڈیٹا کے بشریٰ بی بی کے ڈیٹا سے تصدیق کی جاسکتی ہے، ڈائری میں جو بینک اکاؤنٹس نمبرز لکھے ہیں ان سے ویری فکیشن ہوسکتی ہے۔