عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک خود مختار ملک کو آئی ایم ایف کی اجازت درکار ہے، رضا ربانی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اپنے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک خودمختار ملک کو آئی ایم ایف کی اجازت درکار ہے۔رضا ربانی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی سامراج کی بدترین شکل سے گزر رہا ہے، اپنے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک خودمختار ملک کو آئی ایم ایف کی اجازت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور دیگر نرخوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط کا نتیجہ ہے، ایسٹ انڈیا کمپنی کی جگہ آئی ایم ایف نے لے لی ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان جس آئی ایم ایف کے ہنگامے سے گزر رہا ہے وہ کوئی نیا واقعہ نہیں، لاطینی امریکہ، مصر، تیونس، اردن اور دیگر ممالک ان سے گزر چکے ہیں۔
رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام سڑکوں پر ہیں، دو سرے نہیں مل سکتے، جبکہ اشرافیہ مفت بجلی کے مزے لے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ ایک خودمختار ملک کی کابینہ کو اپنے عوام کو بھوک سے بچانے کے لیے آئی ایم ایف کی اجازت درکار ہے، کیا یہی ہماری آزادی ہے۔