کراچی: عدالت نے نجی اسکول کو فیس بڑھانے وصول سے روک دیا، انتظامیہ کی طلبی


کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکول فیس میں اضافے کے خلاف درخواست پر والدین سے 30 ہزار روپے فیس وصولی سے روکتے ہوئے اسکول انتظامیہ اور ڈی جی پرائیوٹ اسکولز کو طلب کرلیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق نجی اسکول (لاہور گرامر اسکول ) میں بچوں کی اسکول فیس بڑھانے کے خلاف والدین کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اگست 2022ء میں اسکول کی نئی برانچ کا افتتاح ہوا تھا، اسکول انتظامیہ نے لائف ٹائم فیس میں 50 فیصد رعایت دینے کا کہا تھا، ائیر کنڈیشنڈ کلاس روم سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
وکیل نے کہا کہ آہستہ آہستہ اسکول انتظامیہ کا رویہ تبدیل ہوتا چلا گیا، انتظامیہ نے بچوں کو ٹین کی چھت کے نیچے بیٹھنا شروع کردیا، شکایت کی اوراحتجاج کرنے کا کہا تو انتظامیہ نے بچوں کو اسکول سے نکالنے کا کہا جس پر ہم نے عدالت سے رجوع کیا تھا، سندھ ہائی کورٹ نے بچوں کو اسکول سے نکالنے سے روک دیا تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اسکول انتظامیہ پرانی فیس میں صرف 5 فیصد اضافہ کر سکتی ہے جب تک درخواست کا فیصلہ نہیں ہوجاتا اسکول انتظامیہ فیس میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ نہ کرے۔
عدالت نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین سے 30 ہزار روپے فیس وصولی سے بھی روک دیا اور ریمارکس دیئے کہ اسکول انتظامیہ فیس میں صرف 5 فیصد کرسکتی ہے، جو ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے مقرر کی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اسکول انتظامیہ اور ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کو طلب کرلیا۔