کراچی؛ تیز دھار آلے کے وار سے 3 بچوں کی ماں قتل، مشتبہ شوہر زیرحراست
کراچی(قدرت روزنامہ) گلشن معمار کے علاقے میں گھر میں تیز دھار آلے کے وار سے 3 بچوں کی ماں جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے مشتبہ شوہر کو حراست میں لے لیا۔
افغان کیمپ میں گھر میں تیز دھار آلے کے وار سے 3 بچوں کی ماں کے قتل کے حوالے سے شوہر نے پولیس کو بیان دیا کہ ڈاکو نے گھر میں مزاحمت کرنے پر قتل کیا ہے ۔ پولیس کو شبہہ ہے کہ مقتولہ کو اس کے شوہر نے قتل کیا ہے ، جس پر پولیس نے شوہر کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔
ناردرن بائی پاس سے متصل فرید گوٹھ افغان کیمپ میں گھر میں ہونے والے واقعے کے بعد مقتولہ کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ اطلاع ملنے پر مقتولہ کی بہن اور دیگر رشتے دار اسپتال پہنچے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کہ شناخت 25 سالہ آمنہ زوجہ میر زمان کے نام سے کی گئی ۔
مقتولہ کے شوہر نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ مقتولہ 3 بیٹوں کی ماں تھی جب کہ وہ سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے قریب اندرون ملک جانے والے بس اڈے پر مزدوری کا کام کرتا ہے۔ آبائی تعلق افغانستان سے ہے ۔واقعے کے وقت وہ اپنے بیوی بچوں کے ساتھ گھر ہی میں سویا ہوا تھا کہ ڈاکو نے گھر میں گھس کر واردات کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر اس کی بیوی کے گلے پر چھری کے پے درپے وار کیے، جس سے اس کی موت واقعے ہوگئی ۔
پولیس کو شبہہ ہے کہ مقتولہ کو اس کے شوہر ہی نے قتل کیا ہے جب کہ مقتولہ کی پڑوسن نے بھی پولیس کو بتایا ہے کہ دونوں میاں بیوی میں اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا ۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر میر زمان کو عباسی شہید اسپتال سے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا جب کہ عباسی شہید اسپتال میں لیڈی ایم ایل او کی عدم دستیابی کے باعث لاش ایدھی سردخانے منتقل کر دی گئی۔ لیڈی ایم ایل او کی دستیابی پر لاش دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لائی جائے گی ۔