جعلی انجیکشن لگانیوالے نجی اسپتال کیخلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں: ڈاکٹر جمال ناصر


لاہور (قدرت روزنامہ)شوگر کے مریضوں کی بینائی بچانے کے لیے جعلی انجیکشن لگانے والے نجی اسپتال کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا گیا۔نگراں وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے جعلی انجیکشنز کے معاملے پر ’جیو نیوز‘ سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان بلال اور نوید ایک نجی اسپتال میں انجکشن بھرنے کا گھناؤنا کاروبار کر رہے تھے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ اس نجی اسپتال کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں، نجی اسپتال کے مالک کو بھی نوٹس جاری کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ملتان میں مخصوص انجیکشن لگنے سے شوگر کے مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے میں مرکزی ملزم سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ نجی اسپتالوں کو انجیکشن فراہم کرنے والے 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان کا تعلق وہاڑی سے ہے، دونوں ملزمان کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔واضح رہے کہ ملتان میں نجی اسپتالوں کو انہی ملزمان نے انجیکشن فراہم کیے تھے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پر انجیکشن لاہور سے باہر سپلائی کرنے کا الزام ہے۔