کراچی میں گٹکا فیکٹری پر چھاپہ، 14 ملازمین گرفتار، کروڑوں کا گٹکا برآمد


کراچی(قدرت روزنامہ)شرافی گوٹھ اور قائدآباد پولیس نے معین آباد میں گٹکا فیکٹری پر مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران فیکٹری کے 14 ملازمین کو گرفتار کر کے کروڑں روپے مالیت کی گٹکا تیار اور پیکنگ کرنے کی 16 مشنیں ، تیار پیکٹ گٹکا اور اور گٹکے کی تیاری میں استعمال کیا جانے والا دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کی اطلاع پر ایس ایچ او شرافی گوٹھ اور ایس ایچ او قائد آباد نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے شرافی گوٹھ معین آباد میں واقعے رجنی کے نام سے قائم گٹکا فیکٹری پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں گٹکا تیار و پیکنگ کرنے والی مشینیں اور بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کر کے فیکٹری میں کام کرنے والے 14 ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
برآمد کی جانے والی پیکنگ اور گٹکا تیار کرنے والی 16 مشینیں ، بڑی تعداد میں پلاسٹک دانا ، چھالیہ ، گٹکے میں استعمال کیا جانے والا کیمیکل ، رجنی گٹکا کے پیکٹ اور گٹکے کی تیاری میں استعمال کیا جانے والے سامان برآمد کر لیا ،
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ برآمد کی جانے والی مشینیں اور سامان کروڑوں روپے مالیت کا ہے ، گرفتار ملزمان میں فیکٹری کا کوئی مالک شامل ہے یا نہیں اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ فیکٹری میں اس گھناؤنے کارروبار میں کون کون لوگ ملوث ہیں اسے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔