انتخابات میں تاخیر سیاسی عدم استحکام، معاشی بے یقینی پیدا کر رہی ہے، رضا ربانی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں تاخیر سیاسی عدم استحکام اور معاشی بے یقینی کو جنم دے رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی کی تحلیل کے 90 دنوں کے اندر انتخابات نہ کروا کر پہلے ہی آئین کی خلاف ورزی کر چکا ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس حلقہ بندیوں کا عذر باقی نہیں رہا، نگران حکومت اور الیکشن کمیشن پر پارلیمانی نگرانی کیلئے فوری طور پر سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو دیکھنا چاہیے کہ نگران حکومت کیلئے ریکوڈک میں حکومت کے شیئرز فروخت کرنا قانون کے مطابق نہیں، یہ طویل مدتی معاشی فیصلے ہیں جو الیکشن ایکٹ کے تحت فراہم کردہ مینڈیٹ سے باہر ہیں۔