مرتضیٰ وہاب نے 3 یوسیز سے ضمنی بلدیاتی انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا


کراچی (قدرت روزنامہ)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 3 یوسیز سے ضمنی بلدیاتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔مرتضٰیٰ وہاب کی جانب سے آر او آفس میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جن لوگوں نے 70 سے 75 برسوں تک کراچی کو خراب کیا اِن سے سوال پوچھیں۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہائیڈرنٹ، وال مین مافیا کے خلاف کارروائی چل رہی ہے۔
انہوں نے جماعتِ اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمٰن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الرحمٰن میرے بڑے ہیں میں ان کا احترام کرتا ہوں، میں سیاسی بغض رکھنے والا نہیں، نعیم الرحمٰن کو ساتھ چلنے کی آفر بھی کی، سیاسی نکتہ چینی کو سائیڈ میں رکھیں، میرے لیے تمام چیئرمینز قابل احترام ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے الیکشن ہوں اور منصفانہ ہوں، جب ٹاؤن چیئرمینز سے ملتا ہوں تو حافظ نعیم ناراض ہوجاتے ہیں، وقت ثابت کرے گا کہ کون کیا ہے اور کس کیپیسٹی میں ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حافظ نعیم تو شاید یہ بھی کہہ دیں کہ مرتضیٰ نے اجرک غلط پہنی ہے، حافظ نعیم پریس کانفرنس کر رہے تھے کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری جماعت کے ایم سی کو میگا منصوبے دے کر گئی ہے، وزیراعلیٰ نے کے ایم سی پینشن کے لیے پیسے منظور کیے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں تو ہائیڈرنٹ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کر رہا ہوں، یہ وال چاکنگ کرتے ہیں ہم دیواروں کو صاف کریں گے۔