شفاف انتخابات اہم قومی ذمہ داری ہے نگراں حکومت بھرپور کردار ادا کرے، چیف الیکشن کمشنر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات اہم قومی ذمہ داری ہے لہذا نگران حکومت بھرپور کردار ادا کرے۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق کوٹٹہ سیکٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا۔ جس میں چاروں ممبران سمیت سیکریٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں، صاف وشفاف انتخابات اہم قومی ذمہ داری ہے نگران حکومت بھرپور کردار ادا کرے الیکشن کمیشن مکمل معاونت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، پولنگ کے عمل میں سیاسی وابستگی سے بالا تر عملے کی تعیناتی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اور افسران کی تبادلے مکمل طور پر میرٹ پر کئے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی سیاسی دبائو خاطر میں نہ لایا جائے۔اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق انتظامات پر حکام کو آگاہ کیا جبکہ چیف سیکریٹری بلوچستان نے بھی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 52 لاکھ 84 ہزار 594 ووٹرز رجسڑڈ ہیں، صوبے میں 5067 ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں سے 2038 کو انتہائی حساس اور 2068 کو حساس قرار دیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ انتخابات سے قبل ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اپنے اضلاع کے تمام مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کا فوری طور پر دورہ کریں۔
اجلاس کے شرکا کو آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ صوبائی بیوروکریسی میں 100 فیصد ٹرانسفر پوسٹنگ پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، کوئیک رسپانس فورس بھی کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں الرٹ ہوگی، بلوچستان پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ الیکشن کو پرامن بنانے کیلئے سینٹرلائزڈ کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔