آسٹریلیا بمقابلہ نیدرلینڈز، سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو اپ سیٹ کی ضرورت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں آج نیدرلینڈز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی کی جنگ کیلئے جیت کیلئے جان کی بازی لگائیں گی۔
بھارت کی میزبانی میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا چوبیسواں میچ آج دہلی کے ارن جیتلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ نیدرلینڈز اپنا دوسرا اور آسٹریلیا اپنا تیسرا میچ جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گی۔
ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو آسٹریلیا اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ نیدرلینڈز 2 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ جیت کی صورت میں آسٹریلیا کی ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پوزیشن مزید مضبوط ہوجائے گی۔
دوسری طرف زخموں سے چور پاکستان کی بات کی جائے تو نیدرلینڈز کی جیت قومی ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ کم مارجن سے جیت کی صورت میں نیدرلینڈز چھٹے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہی موجود رہے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اپنے بقیہ چاروں میچز جیتنا ضروری ہیں۔ پاکستان اپنا اگلا میچ میگا ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف 27 اکتوبر کو کھیلے گا۔