سیاسی قیادت کو تھریٹس ہیں، غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کا پلان فائنل ، سمجھوتہ نہیں کرینگے ، وزیر داخلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگران وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا سے متعلق پلان کو حتمی شکل دے دی، مختلف شہروں میں سینٹرز بنائے گئے ہیں جہاں ان تارکین وطن کو رکھا جائے گا۔
ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یکم نومبر کے بعد غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، غیرقانونی مقیم غیرملکی 50 ہزار روپے سے زائد کی نقدی ساتھ نہیں لے جا سکتے۔ کوئی بھی غیرقانونی مقیم افراد کو پناہ دے گا تو اس سے سختی سے نمٹیں گے، غیرقانونی غیرملکیوں کی جیوفینسنگ کر لی ہے، ہمارے پاس مکمل معلومات ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کس گاؤں اور کس شہر میں ہیں، رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے تارکین وطن کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ مہم غیرقانونی مہاجرین سے متعلق ہے ، قانونی دائرے میں آنے والوں کا مسئلہ نہیں، ویزا لے کر پاکستان آئیں ہم مہمان نوازی کریں گے، ہم مہمان نواز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کو تھریٹس موجود ہیں، وہ وقت آئے گا کہ اس ملک میں ایک بھی غیرقانونی غیرملکی نہیں ہو گا، یہاں سے ڈالر اسمگلنگ کرکے لے جانا ناممکن ہے۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں بغیر دستاویز داخلہ ممکن نہیں تو یہاں کیوں ہو گا، جتنے بھی غیرقانونی شناختی کارڈ بنائے گئے ،ملوث افراد کو سزائیں دی جائیں گی، جعلی پاسپورٹ والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ کینسل کر دیئے جائیں گے ۔