یکم نومبر سے پٹرول کی قیمت میں مزید بھاری کمی کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ کی قدر میں اضافے کی وجہ سے یکم نومبر سے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کی مزید کمی متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر نگران حکومت پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ نہیں کرتی تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 5 سے 6 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جبکہ پیٹرول تقریباً 18 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔
گزشتہ 15 روز میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تقریباً 3 روپے کا اضافہ ہواہے، اس دوران عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی اوسط قیمت میں تقریباً 1.3 ڈالر فی بیرل کمی آئی ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 3.5 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی نے حکومت کو ڈیزل پر ڈیولپمنٹ لیوی فی لیٹر 55 روپے سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، تاہم محصولات کی وصولی اب تک طے شدہ اہداف سے بہتر رہی ہے۔
پیٹرول پر لیوی پہلے ہی 60 روپے فی لیٹر پر ہے، حکومت کو بجٹ ہدف اورآئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے تحت رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں تقریباً 869 ارب روپے وصول کرنے ہیں۔
یاد رہے نگران حکومت نے آخری جائزے میں 16 تا 31 اکتوبر کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 40 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کم کردی تھی۔