پرفارمنس کا اللہ مالک، بابراعظم نے سبیا ساچی کی شیروانی خرید لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں گرین شرٹس کے ڈگمگاتے جہاز کے کپتان بابر اعظم ایک حیران کن وجہ سے سرخیوں میں آگئے ۔
کرکٹ کی دنیا کے قریبی ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے ٹف شیڈول میں سے وقت نکال کر اپنی شادی کے لیے روایتی بھارتی ڈیزائنر شیروانی خریدی ہے جس کی قیمت بھارتی 7 لاکھ روپے ہے۔
بھارتی روپے کی قدر پاکستانی کرنسی سے کہیں زیادہ ہونے کے باعث یہ شیروانی پاکستانی روپوں میں 23 لاکھ 34 ہزار روپوں سے زائد کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اعظم نے ڈیزائنر شیروانی کسی اور سے نہیں بلکہ مشہور بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی سے خریدی تھی جو دلہن اور دلہن کے بہترین ملبوسات کے لیے مشہوراور بالی ووڈ سیلیبرٹیز کے پسندیدہ ترین ہیں۔ ڈیزائنر کے انتخاب اور شیروانی پر اتنے خرچے نے سبھی کو حیران کیا ہے۔
اس خبر نے بہت سے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے ، خاص طور پرٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے۔ 1992 میں عالمی چیمپیئن بننے والی پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اہم مقابلے سے ایک دن قبل کولکتہ پہنچی تھی۔
یہ شیروانی بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں بقاء کی جنگ والے اس اہم ترین میچ سے قبل خریدی جب ٹیم 6 میچ کھیل کر 4 میں شکست سے دوچار ہوچکی تھی اور سیمی فائنل میں بھی اس کی شرکت غیر یقینی ہے۔
ایسے میں ٹیم کے کپتان کی اپنی عنقریب ہونے والی شادی کی خریداری میں مشغول ہونا غیر معمولی بات ہے۔
بابر اعظم کی شادی رواں سال کے آخر میں سرانجام پانے کی اطلاعات ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیروانی کے علاوہ بابر اعظم نے فائیو اسٹار ہوٹل کے پرتعیش ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہوئے زیورات بنانے والی ایک کمپنی سے بھاری رقم پر زیورات بھی خریدے۔
شادی کی تیاریوں کے حوالے سےایسی دلجمعی لیکن میدان میں مایوس کن کارکردگی کپتان کی ترجیحات پر سوالیہ نشان اٹھا رہی ہے۔