خیبر پختونخوا کے نگران وزیرا علیٰ اعظم خان انتقال گر گئے ، صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے نگران وزیرا علیٰ اعظم خان انتقال گر گئے۔ صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔
نجی اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کوگزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اعظم خان نے نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا تھا تاہم وہ طبیعت خرابی کے باعث اس میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
اعظم خان کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے ان کے آبائی علاقے پڑانگ چارسدہ میں ادا کر دی گئی۔
اعظم خان کی عمر 87 برس تھی ، انہوں نے 21 جنوری کو بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا حلف لیا تھا، اعظم خان نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سرانجام دیئے، جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر تھے۔
علاوہ ازیں 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک بطور وزیرخزانہ خیبرپختونخوا خدمات انجام دیئے، 2018 کے نگران سیٹ اپ میں وفاق میں وزیر داخلہ بھی رہے۔
ادھر اعظم خان کے انتقال پر صوبہ بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں 11 سے 13 نومبر تک سوگ منایا جائے گا۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔