نواز شریف کے دورہ بلوچستان میں تبدیلی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے دورہ بلوچستان میں تبدیلی کردی گئی ہے، اور وہ اب کل دورے پر روانہ ہوں گے۔
قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کے دورہ بلوچستان میں معمولی تبدیلی کردی گئی ہے، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کو آج صوبے کا دورہ کرنے جانا تھا، تاہم اب وہ کل دورہ بلوچستان کے لیے روانہ ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن بلوچستان کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کرنے کے لئے پر امید ہے، نوازشریف اپنے بھائی شہبازشریف کے ہمراہ کل بلوچستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ کئی قد آور سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گے، اور یہ شخصیات ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے والی کئی اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کریں گی، جب کہ بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے قائدین بھی نواز شریف سے ملاقات کریں گے، اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا سیاسی اتحاد تشکیل پانے کا امکان ہے۔
بلوچستان کی 20 اہم شخصیات کا ن لیگ میں شمولیت کا امکان
پارٹی ذرائع نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ ن نوازشریف کل سے دیگر صوبوں میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، اور بلوچستان کے دورے پر کوئٹہ جائیں گے، اور ان کے ہمراہ شہبازشریف بھی ہوں گے۔
لیگی پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز شریف 20 سے زائد اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، اور بلوچستان کی ان اہم سیاسی شخصیات کی ن لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہا کہ ن لیگ اور بی اے پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کےمعاہدوں کا بھی امکان ہے۔