اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے پیغام دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں .
کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ بار سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں بتایا جارہا ہے کہ 3 بار وزیرِ اعظم بننے والا چوتھی بار وزیرِ اعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالے گا .
ان کا کہنا ہے کہ ملک کے عوام اور بالخصوص بلوچستان کے لوگ 8 فروری کو ان لوگوں کو سرپرائز دیں جنہوں نے اپنا فیصلہ لے لیا ہے اور ملک کی قسمت ان دو لوگوں کے حوالے نہ کریں جنہوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کی .
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کے فیصلے ملک کے عوام کو کرنے دیے جائیں اور وہ جانتے ہیں پاکستان کے عوام جب فیصلہ لے لیتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی .
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا جارہا ہے کہ جو پہلے تین بار وزیرِ اعظم بنا وہ چوتھی بار وزیرِ اعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے اور ایک دوسرے شخص کے بارے میں بھی کہا جارہا ہے جس نے وزیرِ اعظم ہوتے ہوئے لاپتہ افراد کے ایشو کو کمزور کیا .
بلاول نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے عوام پر بھروسہ کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ آپ ہمیں سنیں گے، ہم اقتدار میں آ کر نئی تاریخ رقم کریں گے، ہمیں روایتی سوچ، پرانی سیاست اور حکمرانی کی سوچ کو چھوڑنا پڑے گا، ہمیں اپنے عوام کے مفاد کے لیے سوچنا ہو گا .
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں عوام کو معیشت، معاشرت اور سیاست میں حصہ دار بنانا پڑے گا، ہم بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے، وفاقی سطح پر جو جماعت میدان میں کھڑی ہے وہ پیپلز پارٹی ہے .