اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ جس طرح ہم نے الیکشن کروائے، 170 پارٹیوں نے نہیں کروائے .
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ عام انتخابات سے متعلق اظہار خیال کیا .
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے یہ عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے .
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی کے پاس 70 فیصد عوام کی اکثریت ہے . اگر بلے کا نشان چھیننے کی کوشش کی گئی تو یہ 70 فیصد عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی .
اس موقع پر وکیل علی ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہمارے لوگ گرفتار ہو رہے ہیں . الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ہمیں اس پر یقین ہے، الیکشن کمیشن کا کام بس یہ دیکھنا ہے کہ الیکشن ہوئے یا نہیں ہوئے .
انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرے، یہ کہنا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ الیکشن ہوں گے یہ غلط ہے . درخواستیں مسترد کر دینی چاہیے تھیں لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کر دیے .
علی ظفر نے مزید کہا کہ ہم نے 2019 کے آئین کے تحت انتخابات کروائے ہیں، یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ بلامقابلہ کیسے منتخب ہو گئے . الیکشن ایکٹ 2017 میں بھی ایسی کوئی بات نہیں .