ڈی آر اوز کی تعیناتی جواز نہیں کہ الیکشن کمیشن انتخابات ملتوی کرے، بیرسٹر گوہر
پشاور (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز) کی تعیناتی کوئی جواز نہیں کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو ملتوی کرے۔
پشاور میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لکھ دیا کہ کنونشن کیلئے این او سی اور لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین کے خلاف عدت کے دوران نکاح کا جعلی کیس بنایا گیا، بانی چیئرمین کی فیملی پر الزام لگا کر ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کیس میں بھی عدالت سے ریلیف مل جائے گا، امید ہے سائفر کیس میں ضمانت ہو جائے گی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ آئندہ انتخابات میں کسی کے ساتھ اتحاد کی کوئی گنجائش نہیں۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کسی صورت لیٹ نہ ہو، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، ہمیں اس کی عزت کرنی چاہیے، اگر ان کے کچھ فیصلے غلط ہیں تو ہم انہیں قانونی طور پر جواب دیں گے،امید ہےالیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر الیکشن کروائے گا۔