عثمان ڈار کے گھر پولیس کا چھاپہ، والدہ سے مبینہ بدتمیزی


سیالکوٹ(قدرت روزنامہ) ڈار برادران کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا اور ڈار برادران کی والدہ کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا، ویڈیو میں عثمان ڈار کی والدہ کا گریبان پھٹا ہوا ہے۔عمر ڈار نے کہا کہ آج پھر میری بوڑھی والدہ کے ساتھ بدتمیزی کی انتہاء کر دی گئی۔
والدہ عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف کے ایما پر میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا، میرے ساتھ بد سلوکی کی انتہاء کر دی گئی، میرا گریبان پھاڑ کر مجھے زدو کوب کیا گیا، گھر میں موجود خواتین کے کپڑے پھاڑے گئے، یہ سب کچھ خواجہ آصف کے ایماء پر ہوا اور مجھے الیکشن لڑنے سے روکنے کیلئے کیا گیا، لیکن میں ہر صورت الیکشن لڑوں گی، یہ میرے دل کا فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب میں بطور والدہ آپ سے انصاف چاہتی ہوں، مجھے انصاف دیں، میرا گھر بلڈوزر سے بھی گرا دیں تب بھی خواجہ آصف کا مقابلہ کروں گی، ہتھ کڑیاں لگا دیں چاہے جیل بھیج دیں ، ہر صورت الیکشن لڑوں گی۔