پی ٹی آئی الیکشن کو منصوبہ بندی کے تحت متنازع بنا رہی ہے، جاوید لطیف


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اس الیکشن کو منصوبہ بندی کے تحت متنازع بنا رہی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بظاہر نظر نہیں آتا کہ کسی امیدوار کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس بروقت شروع ہوتا تو حقائق سامنے آ جاتے، ہم 9 دس مئی کو ایسے لے کر چل رہے ہیں کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، حکومت کا فرض ہے کہ ریاست کے اندر ہونے والی دہشت گردی سختی سے کچل دے۔
جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ یہاں عالم یہ ہے کہ اسے ایک بڑی جماعت کا سربراہ اور معصوم کہا جا رہا ہے، کیا ذوالفقار علی بھٹو ایک بڑی جماعت کے سربراہ نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ کئی مظلوم وزرائے اعظم کو زبردستی ہٹایا گیا، اسے تو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا پھر بھی معصوم ہے، کوئی ادارہ ہے جو کاغذات نامزدگی چھیننے کی تحقیقات کرے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ اگر کسی امیدوار سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں تو ادارے تحقیقات کریں، احتساب کرنا ہے تو سب کے ساتھ مساوی سلوک کیا جانا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا اسے ہائی جیکر بنا دیا گیا، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اپنے پلیٹ فارم سے دو تہائی اکثریت حاصل کی۔