محترمہ کے خلاف سازش میں بین الاقوامی سامراج شامل تھا، رضا ربانی


لاڑکانہ(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے خلاف سازش میں بین الاقوامی سامراج شامل تھا۔
محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ سٹیج پر موجود تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، 16 سال قبل راولپنڈی میں اسی وقت بینظیر بھٹو خطاب کر رہی تھیں، شہید بینظیر کہتی تھیں کہ میرا جینا اور مرنا میری عوام کے ساتھ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کیخلاف بین الاقوامی ایجنڈے کے ساتھ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بھی شامل تھی۔
چودھری یاسین
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی رہنما چودھری یاسین نے کہا کہ آج سے 16 سال قبل بینظیر بھٹو کو ظالموں نے ہم سے چھین لیا تھا، ہم ہر سال یہاں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حاضر ہوتے ہیں، انشا اللہ بلاول بھٹو زرداری منتخب وزیراعظم ہوں گے۔
چنگیز خان جمالی
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی وجہ سے آج ہم یہاں بیٹھے ہیں، شہید بی بی خواتین اور ہر دکھی انسان کے ساتھ کھڑی رہیں، بلوچستان میں آئندہ حکومت زرداری صاحب کی نگرانی میں بنے گی۔