یمنیٰ زیدی کیلئے 2023ء کیسا رہا؟


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی کا کہنا ہے کہ رواں سال بہت خوبصورت رہا۔ یمنیٰ زیدی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر رواں سال کے اختتام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اُنہیں مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ سردیوں اور اس خاموشی کے ساتھ 2023ء ختم ہوگیا ہے، امید ہے آنے والا سال تمام لوگوں کے لیے اچھا ہوگا۔

اداکارہ نے لکھا کہ زندگی بہت خوبصورت ہے بس اسے محسوس کرنے کی ضرورت ہے اور ہماری زندگی کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس زندگی میں ہمارے ساتھ کتنا بھی برا ہوجائے مگر یہ احساس بہت پُرسکون ہےکہ اللّٰہ خاموشی سے سب دیکھ رہا ہے تو جو بھی اس نے نوازا ہے اس پر شکر ادا کریں۔
اُنہوں نے لکھا کہ بچپن، جوانی، بڑھاپا سب کچھ زندگی میں صرف ایک بار ہی ملتا ہے، اسی طرح 2023ء کی یہ سردیاں دوبارہ کبھی نہیں آئیں گی، یہ سال بہت خوبصورت رہا۔یمنیٰ زیدی نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ اس سال خوشیوں بھرے لمحات نے مجھے اللّٰہ کے قریب کیا اور دکھ بھرے لمحات نے مجھے اللّٰہ کے اور قریب کیا تو اس سال میں نے کچھ نہیں کھویا بلکہ بہت کچھ پایا۔
واضح رہے کہ رواں سال یمنیٰ زیدی کے لیے کامیابیوں سے بھرپور رہا وہ ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کی وجہ سے مسلسل سوشل میڈیا کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہیں اور اب اُنہوں نے فلم ’نایاب‘ سے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اُنہوں نے رواں سال ٹیلی ویژن کے لیے سب سے زیادہ ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ حاصل کرنے والی خاتون اداکارہ ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔