شاہ رخ خان کی بھی فلم ‘انیمل’ پر کڑی تنقید


نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے رومانوی کنگ شاہ رخ خان نے بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں اسٹار رنبیر کپور کی سُپر ہٹ ایکشن فلم ‘انیمل’ پر تنقید کردی۔2023 میں بالی ووڈ کو تین سُپر ہٹ فلمیں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ دینے کے اعزاز میں 10 جنوری کو نئی دہلی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کو ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
شاہ رخ خان نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے تقریر بھی کی جس میں اُنہوں نے فلموں میں اپنے خوش اخلاق اور رومانوی کرداروں پر بات کرتے ہوئے ڈھکے چھپے الفاظ میں فلم ‘انیمل’ پر بھی شدید تنقید کی۔ تقریر کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ “میں ایک خوش مزاج انسان ہوں اور میں اپنی فلموں میں بھی ایسے ہی کردار کرنا پسند کرتا ہوں جنہیں دیکھ کر میرے مداحوں کو اُمیدیں ملیں کیونکہ فلمی کرداروں کا معاشرے پر گہرا اثر پڑتا ہے”۔
شاہ رخ خان نے فلم ‘انیمل’ کا نام لیے بغیر کہا کہ “میرا ماننا یہ ہے کہ فلم میں ولن کو ہیرو کے طور پر نہ دکھایا جائے، اگر میں کسی فلم میں منفی کردار کروں تو اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ میں فلم میں کتے کی موت مروں، مجھے بہت زیادہ تکلیف ہو کیونکہ منفی کردار کو ہیرو دکھانا مناسب نہیں”۔
اداکار نے مزید کہا کہ “فلموں میں برائی کو فروغ دینے کے بجائے اُس بُرائی کو معاشرے سے ختم کرنا دِکھانا چاہیے تاکہ اس سے فلمی شائقین پر بھی مثبت اثر پڑے اور لوگوں میں ہمت پیدا ہو”۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی تقریر میں رنبیر کپور کی فلم ‘انیمل’ کا نام نہیں لیا لیکن اُن کا یہ بیان ‘انیمل’ کی ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد ہی سامنے آیا ہے۔
شاہ رخ خان سے قبل معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی فلم ‘انیمل’ پر سخت تنقید کی تھی۔جاوید اختر نے ایک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے فلم ‘انیمل’ کا نام لیے بغیر، اس فلم کے سین کا حوالہ دیتے ہوئے فلم کی کامیابی پر سخت تنقید کی تھی۔
جاوید اختر نے کہا تھا کہ ‘ایک فلم ہے جس میں ایک مرد کسی عورت سے اپنا جوتا چاٹنے کا مطالبہ کرتا ہے، فلم میں مرد کہتا ہے کہ عورت کو مارنا بالکل ٹھیک ہے اور اگر یہ فلم سُپر ہٹ ہوجائے تو یہ معاشرے کے لیے خطرناک ہے’۔
دوسری جانب کنگنا رناوت نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ‘ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جن میں عورت کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے، اُنہیں جوتے چاٹنے کا کہا جاتا ہے’۔
یاد رہے کہ سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم ‘انیمل’ 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔
اس فلم میں رنبیر کپور کو ایک انتقامی بیٹے کے طور پر دِکھایا ہے جو اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے ایک خونخوار گینگسٹر بن جاتا ہے اور بےرحمی سے قتل کرتا ہے اور فلم میں رنبیر کپور خواتین کے ساتھ ناروا سلوک بھی کرتے ہیں۔