ارباز خان کی دوسری شادی پر سابقہ گرل فرینڈ کا ردعمل


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور اداکار ارباز خان کی دوسری شادی پر اُن کی سابقہ اطالوی گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی کا ردعمل سامنے آگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ماڈل جارجیا اینڈریانی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ارباز خان اور شوریٰ کی زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کسی دوسرے اداکار کے ساتھ اپنی ڈیٹنگ کی افواہوں پر بھی ردعمل دیا۔
جارجیا اینڈریانی نے کہا کہ “ارباز خان ایک اچھے انسان ہیں، ہم دونوں کا بریک اَپ ضرور ہوگیا ہے لیکن میری زندگی میں وہ خالی پن ہمیشہ موجود رہے گا جو ارباز کے جانے سے ہوا”۔اُنہوں نے کہا کہ “جب ہم کسی کے ساتھ ایک گہرے تعلق میں ہوتے ہیں تو اُس سے علیحدگی اختیار کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن رشتہ ختم ہونے پر آگے بڑھنا پڑتا ہے”۔
جارجیا اینڈریانی نے ارباز خان کی دوسری شادی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “میں اُن کی اور شوریٰ خان کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “حال ہی میں، یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ میں کسی دوسرے اداکار کو ڈیٹ کر رہی ہوں اگرچہ یہ خبر میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہی ہے لیکن میں یہ کہنا چاہوں گی کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے”۔
یاد رہے کہ ارباز خان اور جارجیا اینڈریانی سال 2018 سے ڈیٹ کر رہے تھے اور دسمبر 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران جارجیا نے ارباز کے ساتھ بریک اپ کی تصدیق کی تھی۔جارجیا کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اور ارباز خان نے باہمی طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اُن کے دل میں ہمیشہ ارباز کے لیے جذبات رہیں گے۔
واضح رہے کہ ارباز خان نے سال 2023 میں 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی تھی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔
ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، ان دونوں کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔