قائداعظم نے قرار دیا تھا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، نگراں وزیراعظم


مظفر آباد(قدرت روزنامہ)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کی رائے لینے سے ہی ممکن ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد پہنچے، جہاں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ان سے ملاقات کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانب دار استصوابِ رائے کے تحت ممکن ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، نہتے و معصوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔
اسپیکر قانون ساز اسمبلی و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو وزیر اعظم انوار الحق کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد سے واضح پیغام پہنچ گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بہن بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔