روٹی، کپڑا، مکان کی بات کرنیوالوں نے کراچی کے عوام سے پانی تک چھین لیا:عطاتارڑ


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کرنے والوں نے کراچی کے عوام سے پانی تک چھین لیا ہے۔ ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما اور این اے 127 سے امیدوارعطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کراچی میں گھروں تک پانی ٹینکروں کے ذریعے جاتا ہے، لاہور میں تعمیرو ترقی کے نشانات ہیں، کراچی ان کی بددیانتی کی وجہ سے کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، پی کے ایل آئی جیسا ایک ہسپتال بتا دیں جو سندھ میں بنایا ہو؟
انہوں نے کہا کہ لاہور آنے پر آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، میں آپ کا 100 بار نام بگاڑ سکتا ہوں، میری والدہ نے مجھے نام بگاڑنے سے منع کیا ہے، میں نے کہیں دھاوا نہیں بولا، میرے ساتھ کیمرے تھے، دھاوا بولنا ہوتا تو لوگ بھجوا سکتا تھا، ہم نے پرامن احتجاج کیا جو ہمارا حق ہے۔
لیگی امیدوار کا کہنا تھا کہ لاہور کے غیور عوام آپ کے پیسے کو مسترد کریں گے، آپ کی حکمت عملی کامیاب نہیں ہوگی، جہاں جہاں ووٹوں کی خریداری ہو رہی ہے ایکشن لیا جائے، ہماری التماس ہے فوری طور پر خرید وفروخت کو روکا جائے۔
انہوں نے پی پی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب کو چاہیے اپنی بڑی عالیشان گاڑی سے اتر کر گلی کوچوں میں جائیں، ان کو سیاست کی سمجھ نہیں، بڑے بڑے عالیشان گھروں میں بیٹھ کر سیاست نہیں ہوتی، سیاست گلی کوچوں میں جا کر ہوتی ہے، میں تو حلقے میں پھر رہا ہوں ،آپ بھی عوام کے دکھ درد کو سنیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ وطیرہ بن گیا ہے آپ قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر رشوت دیتے ہیں، میں نے آج تک قرآن پاک پر ہاتھ نہیں رکھا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے درخواست ہے خدا خوفی کریں، آپ ایک مقدس کتاب کی بے حرمتی کر کے مکروہ دھندہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ باپ بیٹا آج ہی الیکشن چھوڑ کر کراچی چلے جائیں، میں آپ کو مسٹر 10 سے مسٹر 70 پرسینٹ کا لقب دینا چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب غیر جانبدار ہیں، لاہور میں شیر کامیاب ہوگا، پی پی والوں کو تو نہ ووٹ مل رہے ہیں نہ ہی ووٹرز۔