ن لیگ، پی پی سمیت کسی جماعت سے اتحاد نہیں کررہے، تحریک انصاف


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ن لیگ اور پی پی کے ساتھ اتحاد کے خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ عمران خان کا واضح موقف ہے کہ ان جماعتوں سے کسی صورت اتحاد نہیں ہوگا، انہوں ںے ہفتے کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا بھی اعلان کردیا .
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر خان نے کہا کہ کسی کو بھی جعلی مینڈیٹ کے ساتھ حکومت میں آنے کا حق نہیں، کہا گیا ہم پیپلزپارٹی، (ن) لیگ اور ایم کیو ایم سے مل کر حکومت بنا رہے ہیں جب کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے کہ ان جماعتوں کے ساتھ کسی صورت پاور شیئرنگ نہیں کریں گے .


انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بہت جلد اپنی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی نے میاں اسلم کو پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا، بلوچستان میں ہمارے وزیراعلیٰ کے امیدوار سالار ہوں گے اسی طرح خیبرپختونخوا میں اسپیکر کے لیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ عمر ایوب کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے .
اس موقع پر انہوں نے ہفتے کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا اعلان کردیا اور کہا کہ ہم ہفتے کے دن پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے، تمام سیاسی جماعتیں جو ان انتخابات کو تسلیم نہیں کرتیں وہ ہمارے ساتھ پُرامن احتجاج کریں، ہم پاکستانی جھنڈوں کے ساتھ احتجاج کریں گے .
ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن نے عوام کی آزادی کا تعین کرنا ہے ہم اس مینڈیٹ کو چوری نہیں کرنے نہیں دیں گے، ہم پیپلز پارٹی سے مذاکرات نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی کا دو ٹوک موقف ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے پاور شئیرنگ نہیں کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں