طلاق کے بعد ایشا دیول سیاست میں آرہی ہیں؟ ہیما مالنی نے بتادیا


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے کہا ہے کہ اُن کی بیٹی ایشا دیول بھی سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے والی ہیں۔ ہیما مالنی، جو بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر متھرا سے لوک سبھا کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن ہیں، اُنہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر دھرمیندر نے میرے سیاسی کیریئر میں ہمیشہ میری سپورٹ کی ہے جبکہ میری فیملی بھی بہت ساتھ دیتی ہے۔
ہیما مالنی نے کہا کہ میں اپنے شوہر دھرمیندر اور فیملی کی وجہ سے ہی سیاستدان بننے میں کامیاب ہوئی ہوں، میری غیرموجودگی میں شوہر ہی گھر کی دیکھ بھال کرتے ہیں، اسی لیے میں باآسانی سیاسی کام کے لیے متھرا چلی جاتی ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ دھرمیندر جی میرے کام سے بہت خوش ہیں، وہ ہر فیصلے میں میرا ساتھ دیتے ہیں اور مجھ سے ملنے کے لیے اکثر متھرا بھی آتے ہیں۔
گفتگو کے دوران صحافی نے ہیما مالنی سے سوال کیا کہ ان کی بیٹیاں ایشا دیول اور آہانہ دیول بھی سیاست میں آنے میں دلچسپی رکھتی ہیں؟، اس سوال کے جواب میں ہیما مالنی نے کہا کہ ایشا کی سیاست میں کافی دلچسپی ہے۔
ہیما مالنی نے انکشاف کیا کہ ایشا دیول آنے والے سالوں میں سیاست میں شامل ہوسکتی ہیں کیونکہ وہ سیاست کو پسند کرتی ہیں اور سیاسی دنیا سے کافی مائل بھی ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال 6 فروری کو ایشا دیول اور اُن کے شوہر بھرت تختانی نے اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا، ایشا دیول نے سال 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی دو بیٹیاں ہیں۔
ہیما مالنی اپنی بیٹی کی طلاق کے فیصلے کی حمایت کررہی ہیں لیکن وہ اس معاملے پر میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتیں جبکہ ایشا دیول کے والد دھرمیندر اپنی بیٹی کی طلاق کی وجہ سے بہت اداس ہیں۔ دھرمیندر چاہتے ہیں کہ کہ اُن کی بیٹی ایشا دیول اپنے بچوں کی خاطر طلاق کے فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کرے۔