پی ڈی ایم ٹو حکومت بنانے کے لیے عہدے بانٹ رہی ہے‘وہی لوگ ہیں جنہوں نے16ماہ میں ملک کنگال کردیا.سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو
روالپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ شہباز شریف میں اخلاقیات ہو تو شکست تسلیم کریں کہ وہ اقلیت میں ہیں اکثریت میں نہیں ہیں‘ میرٹ پر فیصلہ ہوا تو جلد بانی چیئرمین عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے.
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ جیل حکام کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے بعد اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تاریخ کے بدترین الیکشن کرائے ہیں، کراچی اور پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ہم لوگ عوام میں جائیں گے اور قانونی جنگ بھی ہوگی، کوئی بھی وزیر اعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ بننے جا رہا ہے، ہمیں اب بھی عدالتوں سے امید ہے.
اسد قیصر نے کہا کہ کل عہدوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے، مینڈیٹ ان کے پاس ہے نہیں،نون لیگ کے پاس 23 سیٹیں نہیں ہیں ، ان لوگوں کو شرم و حیا اور وقار ہونا چاہیے جعلی وزیر اعظم اور کابینہ ہوگی تو ان لوگوں کو کوئی بھی قبول نہیں کرے گا. انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بوگس طریقے سے باہر رکھا گیا جب کہ پنجاب میں ہمارے 220 اور وفاق میں 180 مینڈیٹ ہیں، شہباز شریف میں اخلاقیات ہو تو شکست تسلیم کریں کہ وہ اقلیت میں ہیں اکثریت میں نہیں ہیں فارم 45 قانونی بنیاد فراہم کرنے والی دستاویز ہے،ہمیں معلوم ہے کہ جعلی ٹھپے لگائے جارہے ہیں.
رہنما تحریکِ انصاف نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بانی چیئرمین سے ملنے کی اجازت لی تھی لیکن جیل انتظامیہ نے مجھے کہا کل آئیں، کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پھر آﺅں گا انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، ایک اسسٹنٹ کمشنر بھی سامنے آیا ہے، چیف جسٹس کے لیے آئین مقدم ہے تو اس کیس کو دیکھیں. سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے ان کے پاس بڑے آئینی عہدے آجائیں اور وہ عوام کو بتائیں گے کہ ہم حکومت میں شامل نہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو ہے انہی لوگوں نے16ماہ میں ملک کو کنگال کیا، یہ لوگ ذہنی طور پر ہارے ہوئے ہیں، میرٹ پر فیصلہ ہوا تو جلد بانی چیئرمین پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے.