کراچی (قدرت روزنامہ)امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے کتنےارب ڈالر کا زر مبادلہ ملک بھجوایا؟ اس حوالے سے جو اعدادوشمار سامنے آئے ہیں ان کے مطبق امریکہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے . جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.4ارب ڈالر کا زر مبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے 2.050ارب ڈالر کے مقابلے میں5فیصد زیادہ ہے .
"جنگ " کے مطابق فروری کے مہینے میں امریکہ سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی . فروری کے مہینے میں امریکہ سے ترسیلات زر کا حجم 287 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوجنوری میں 283 ملین ڈالر تھا . رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں رواں سال فروری میں امریکہ سے ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے . گزشتہ سال فروری میں امریکہ سے ترسیلات زر کا حجم 220 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو رواں سال فروری میں بڑھ کر 287ملین ڈالر ہو گیا .