بائیکاٹ مہم، حصص گر گئے، میکڈونلڈ نے اسرائیل میں 225 فرنچائز ریسٹورنٹس واپس خرید لئے


کراچی(قدرت روزنامہ) غزہ میں جاری جنگ کے بعد دنیا بھر میں میک ڈونلڈز کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے ، بدھ کے روز میک ڈونلڈز کے شیئرز مزید گر گئے ہیں ، اس دوران میک ڈونلڈز نے اسرائیل میں اپنے 225ریستورانوں کو واپس خرید لیا ہے ۔
امریکی کمپنی نے کہا کہ اس نے اسرائیلی فرنچائز الونیال سے ریستوران واپس خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، جو کہ 30 سال سے زیادہ عرصے سے ملک میں اس کے آؤٹ لیٹس کی ملکیت رکھتی تھی اور اسے چلا رہی تھی۔
معاہدے کے تحت 5,000سے زیادہ ملازمین والے 225 ریستوران میک ڈونلڈز کی ملکیت میں واپس آجائیں گے تاہم اس معاہدے کی شرائط ظاہر نہیں کی گئیں۔
پاکستان ، کویت، سعودی عرب ، ملائشیا اور عرب ممالک میں میک ڈونلڈز کا کھلے عام بائیکاٹ کیا جارہا ہے جس کے باعث امریکی کمپنی کی سیلز متاثر ہوئی ہے اور بدھ کے روز میک ڈونلڈز کے شیئرز مزید گر گئے ہیں ۔
میکڈونلڈز نے خود کو غزہ جنگ کے ابتدائی دنوں سے ہی تنازعات میں ڈالا ہوا ہے ، اسرائیلی فرنچائز نے کہا تھا کہ اس نے ہزاروں اسرائیلی فوجیوں کو مفت کھانا دیا ہے۔