جسٹس اشتیاق ابراہیم نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


پشاور(قدرت روزنامہ)جسٹس اشتیاق ابراہیم نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔گورنر ہاؤس پشاور میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تقریب حلف برداری ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے جسٹس اشتیاق ابراہیم سےحلف لیا۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 2 دسمبر 1969 کو پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1992 میں خیبر لا کالج سے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی، انہوں نے وکالت کا آغاز 1993 میں ذیلی عدالتوں سے کیا، بعد ازاں 1995 میں ہائی کورٹ اور پھر 2008 میں بطور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے لائسنس حاصل کیے۔
قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 99-1998 میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری اور 08-2007 میں بطور جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے، جبکہ وہ 14-2013 میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم یکم جون 2018 میں پشاور ہائیکورٹ کے مستقل جج بنے، وہ 1999 سے 2000 تک اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا رہے، جبکہ 2008 سے 2010 تک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا رہے۔
واضح رہے کہ 12 اپریل کو پشاور ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا تھا۔سابق چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان 14 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔